اہم خبریں

روسی وزیر توانائی نے شہبازشریف کو صدرپیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا، وزیرِ اعظم آفس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی کی قیادت میں وفد کی ملاقات، وزیرِ اعظم کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق روس کے وزیر توانائی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو روسی صدر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا ،وزیرِ اعظم شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز لاہور میں ملاقات کی تھی جس میں ملاقات میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا، گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور روس کے باہمی تعلقات کی اہمیت پر بات چیت کی، انہوں نے ستمبر 2022ء میں سمرقند میں روسی صدرکے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر بھی کیا۔اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ روسی صدر سے ملاقات میں پاک روس تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے،وزیرِ اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی معاملات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا،پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم پارٹنر قرار دیا، انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم آفس کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ ملاقات میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا، گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ خبریں