کراچی(نیوز ڈیسک )کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلباء کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پہلی پرواز پی کے 6260 بشکیک سے 205 طلباء کو لے کر کراچی پہنچی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر نے طلباء کا واپسی پر استقبال کیا۔
مزید پڑھیں: کولمبیا کا فلسطینی سرزمین پر سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کردیا
کراچی ایئرپورٹ پر طلبہ کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔بشکیک سے پی آئی اے لاہور، اسلام آباد، پشاور اور ملتان کے لیے بھی مرحلہ وار خصوصی پروازیں چلا رہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی طلباء بشکیک سے متعدد پروازوں کے ذریعے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
اس موقع پر ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی نے کہا: “صوبائی حکومت طلباء کی واپسی کے حوالے سے مسلسل رابطے میں تھی، اور کرغزستان سے پاکستان تک سفری انتظامات صوبائی حکومت نے کیے تھے۔انہوں نے طلباء کی بحفاظت واپسی پر اللہ کا شکر ادا کیا۔
205 طلباء واپس آچکے ہیں جن میں 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے شامل ہیں جن میں سے 99 کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ باقی سندھ کے دیگر اضلاع سے ہیں۔طلباء نے گھر واپسی کے لیے فوری اقدامات کرنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔