اہم خبریں

ہمیں اقلیتوں بالخصوص مسیحیوں کیخلاف امتیازی سلوک ختم کرنا ہوگا، شعیب سڈل

اسلام آباد (نیوزڈیسک) سپریم کورٹ کے حکم پر تشکیل شدہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے ون مین کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب سڈل نے کہا ہے کہ جے سالک کی سماجی خدمات پر انہیں نوبل انعام ملنا چاہیئے، مسیحی برادری خوش قسمت ہے کہ انہیں جے سالک جیسی شخصیت میسر ہے،اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جے سالک ہمارے ہیرو ہیں، انکی سماجی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں،مسیحی قوم خوش قسمت ہے کہ انہیں جے سالک جیسا مخلص شخص میسر ہے جو انکی حقیقی آواز ہے، اگر ان جیسے مزید چند لوگ پیدا ہو جائیں تو مسیحیوں کی مشکلات کو ختم کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے اور یہ انقلاب لا سکتے ہیں،ریاض الرحمان ساغر جیسے بڑے شاعر کی طرف سے نغمے کی صورت میں انہیں پیش کیئے جانیوالا خراج تحسین ہر کسی کے حصے میں نہیں آتا، محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دور اقتدار میں جے سالک کی سماجی خدمات پرانہیں نوبل انعام کیلئے نامزد کیا تھا مگر بدقسمتی سے پھر محترمہ چلی گئیں جس سے وہ معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہم اس سلسلے کو بھی آگے بڑھانے کیلئے کوشش کرینگے، ڈاکٹر شعیب سڈل نے مزید کہا کہ ہمیں اقلیتوں بالخصوص مسیحیوں کیخلاف امتیازی سلوک کو ختم کرنا ہوگا، انکےنوکریو ں کیلئے مخصوص کوٹہ پر عملدرآمد کی ضرورت ہے،ہم نے مسیحوں کیلئے کالجز اور یونیورسیٹزمیں دو فیصد کوٹہ مختص کروایا ہے کیونکہ جب مسیحی بچے بڑے عہدوں پر آئینگے تو انکی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی، انکے لئے اسکالر شپس میں دوگنا اضافہ کیا تاکہ جو والدین اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کر سکتے انہیں سہولت حاصل ہو سکے،انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، جے سالک کی دعوت پر اسلام آباد میں واقع مسیحی کالونی کا دورہ کرکے محسوس ہوا کہ یہ لوگ اس جدید شہر میں ابھی تک بنیادی سہولتوں کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،انکے تحفظ کیلئے پولیس نفری کی بھرتی ضروری ہے ،ہم اس کام کو عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں تاکہ اپنی عاقبت سنوار سکیں۔ اس موقع پر جے سالک کا کہنا تھا کہ کل تک میرے پاس کچھ نہیں تھا مگر اب لوگوں کا پیار اور محبت سب کچھ ہے، میں بے سروسامانی کی حالت میں قوم کی خدمت کر رہا ہوں اور اللہ میری مدد کر رہا ہے، اس موقع پر مسیحی قوم کی بیٹی گاسپل سنگر تہمینہ طارق نے جے سالک کی خدمات کے اعتراف میںاردو کے نامور شاعرریاض الرحمان ساغر کا 19 برس قبل لکھا جانیوالا نغمہ اپنی خوبصورت آواز میں سناکر تقریب میں سماں باندھ دیا جس پر شرکاء نے کھل کر انہیں مبارکباد دی، تقریب میں مسیحی برادری کے مردو خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں