کراچی(نیوزدیسک)وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے 10 فیصد مستحق بچوں کو مفت تعلیم دینے کے پابند ہیں، اسکولوں کو نوٹس بھیج دیے ہیں جو عمل نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، نجی اسکول اساتذہ کو 25 ہزار سے کم تنخواہ دینے پر بھی کارروائی ہوگی۔
نجی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں ںے کہا کہ تمام اسکول ہمارے زیر نگرانی ہیں، بیشتر نجی تعلیمی اداروں سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ اکثر نجی اسکولوں میں اساتذہ کو صرف 8 سے 10 ہزار ماہانہ تنخواہیں دی جارہی ہے جبکہ سندھ حکومت نے کم سے کم ویجز بھی 25 ہزار ماہانہ مقرر کی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی اس پالیسی پر نجی اسکولوں کو عمل کروایا جائے گا اور اس پالیسی کے مطابق اساتذہ کی کم سے کم 25 ہزار روپے کی تنخواہ کو یقینی بنائیں گے جبکہ ساتھ ہی ٹرانسجینڈر پالیسی سازی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ پرائمری اسکولز کو اپ گریڈ کرنے کی سخت ضرورت ہے ملک بھر میں یہی مسئلہ ہے کہ بچے پرائمری کے بعد اسکول نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے، پرائمری اسکول کی جگہ ایلیمنٹری اسکول کھولے جائیں گے تا کہ سندھ کا تعلیمی نظام بہتر ہو۔















