اہم خبریں

اسلام آباد، جیل کی تعمیرکا پہلا مرحلہ چھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعہ کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ میں جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ 6 ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک سونپا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی نے وزیر داخلہ کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2017 میں شروع ہوا، کئی سال گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا۔وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ جیل میں 2 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہوگی، مزید 2 ہزار قیدیوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی۔محسن نقوی نے زیر تعمیر جیل کا معائنہ کیا اور جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ چھ ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔

وزیر داخلہ نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی سرگرمیوں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کو 7 سال تک لٹکائے رکھنا واضح نااہلی ہے،

دن رات محنت کرکے جیل کی تعمیر کو ٹائم لائن میں مکمل کیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ضروری عملے کی تعیناتی کا عمل بھی فوری شروع کیا جائے، منصوبے کی تکمیل کے لیے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو زیر تعمیر پروجیکٹ کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

متعلقہ خبریں