پشاور(نیوزڈیسک) ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں پولنگ اسٹیشن کے باہرنامعلوم شرپسندوں کا پولیس کی بکتر بند گاڑی پر حملہ، پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ پولیس گاڑی پر حملے کے واقعے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا ۔
بجلی کی ترسیل بھی کئی گھنٹوں سے بند ہے جس سے انتخابی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر آج 19 فروری کو پولنگ کی جارہی ہے۔ آزاد امیدوار داور کنڈی کو کامیاب قرار دینے کے بعد مولانا مفتی اسعد محمود نے ری پولنگ کیلئے درخواست کررکھی تھی ۔
یہ بھی پڑھیں:ریکارڈ کیساتھ چھیڑ خانی قبول نہیں،فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کئے جائیں ، عمران خان
کوٹ اعظم اور دیگر علاقوں میں این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر 8 فروری کے روز شدت پسندوں کے حملوں کی وجہ سے پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔8 فروری کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داور کنڈی کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔
انجینئر داور کنڈی خان کا مقابلہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے فرزند مفتی اسعد محمود کے ساتھ ہے۔ 8 فروری کے الیکشن میں داور کنڈی نے 63556 اور مفتی اسعد 62730 ووٹ حاصل کئے۔داور کنڈی 826 ووٹوں کی برتری سے جیت گئے تھے۔ مفتی اسعد محمود نے الیکشن ٹربیونل سے نان پولڈ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کی اپیل کی تھی۔