اہم خبریں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ترجیح عوام نہیں اسمبلی توڑنا ہے ، رانا ثنا اللہ کی تنقید

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر حملے سے کچھ نہیں سکھا، ان کی ساری توانائیاں صوبائی اسمبلی توڑنے پر مرکوز ہیں، عوام کے جان ومال کی حفاظت اور صوبے میں امن وامان وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ترجیح ہی نہیں ہے ۔ہفتہ کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ،حملے میں ڈی ایس پی اور2پولیس اہلکاروں کی شہادت پر ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے خیبر پختونخوا میں امن وامان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ وفاق کو صوبہ خیبر پختونخوا میں مسلسل بگڑتی ہوئی امن امان کی صورتحال پر سخت تشویش ہے۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گرد تھانوں پر حملے کر رہے ہیں جن سے پولیس کے جوان اور افسران ٹارگٹ ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعہ سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بنوں میں سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کے واقعہ سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ساری توانائیاں صوبائی اسمبلی توڑنے پر مرکوز ہیں۔عوام کے جان ومال کی حفاظت اور صوبے میں امن وامان وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ترجیح ہی نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں