لاہور(اے بی این نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کا اعلان کر دیا۔ایونٹ کا آغاز پانچ اکتوبر سے ہوگا جب کہ فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا۔پاکستان پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔
آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ دس وینیوز پر کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ ورلڈکپ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ پہلے ہی شروع ہوچکا ہے، تین ہفتوں پر مشتمل یہ اہم ٹورنامنٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی ٹیمیں اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گی، اس ٹورنامنٹ کے لیے ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔گروپ بی میں سری لنکا، آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ، عمان اور یو اے ای کو شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز رواں برس بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی ٹور کا منفرد انداز میں خلا سے آغاز ہوا تھا۔ٹرافی کو زمین سے ایک لاکھ 20 ہزار فٹ بلندی پر خلا میں بھیجا گیا جہاں سے ٹرافی احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اتری۔آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی آج سے بھارت کے مختلف شہروں میں لے جائی جائے گی جبکہ ٹرافی 31 جولائی سے 4 اگست تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔