اہم خبریں

کراچی کنگز کو دوسری شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ 4 وکٹ سے کامیاب

کراچی (نیوزڈیسک)پاکستان سپر لیگ 8 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی، کولن منرو اور اعظم خان نے جارحانہ بیٹنگ کی۔پی ایس ایل سیزن 8 کا چوتھا میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائٹڈ کے مابین نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلا گیا، کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی اور 174 رنز کا ہدف دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی 2 وکٹیں 21 رنز پر گرگئیں تاہم رسی وان ڈر ڈوسین اور کولن منرو کے درمیان 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ڈوسین 31رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد اعظم خان نے منرو کو جوان کیا اور دونوں نے مل کر ٹیم کیلئے مزید 56 رنز جوڑے، کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔اعظم خان 28 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف 12 رنز بناسکے، ٹام کرن 10 اور آصف علی 4 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 173 رنز بنائے۔ حیدرعلی 59، شرجیل خان 34 اور شعیب ملک 18 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ جیمز ونس 4، میتھیو ویڈ 18 اور عماد وسیم صفر پر آؤٹ ہوگئے۔عرفان خان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جیمز فولر 12 اور اینڈریو ٹائے ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس، ٹام کرن اور محمد وسیم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف ایک شکار کرسکے۔اب تک ایونٹ میں کراچی کنگز ایک میچ کھیلی ہے جس میں وہ پشاور زلمی کے مدمقابل آئی تھی، میچ میں کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رن سے شکست ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں