کوئٹہ (نیوزڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹائٹل جیتنے کےلیے ہر شعبے میں اچھا کھیلنا ہوگا۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے اس سیزن کےلیے پُرجوش ہیں، ٹیم سے اچھی امیدیں ہیں۔سرفراز نے کہا کہ اچھی ٹیم بنی ہے، ٹھیک کامبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتر کر اچھا کھیلیں گے۔کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا تھا کہ ٹیم کے پاس اسپنرز اچھے ہیں، ہسارنگا اور نواز کے آنے سے اسپن بولنگ کا شعبہ مضبوط ہوا ہے۔ حسنین، نسیم شاہ، اوڈین اسمتھ بھی اچھے بولرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ ول اسمیڈ، مارٹن گپٹل، جیسن روئے جیسے پاور ہٹر بھی ہیں۔ افتخار احمد اور محمد نواز دونوں اچھی فارم میں ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹائٹل جیتنے کےلیے پر شعبے میں اچھا کھیلنا ہوگا، جیت کےلیے ضروری ہے کہ مقامی کھلاڑی اچھا پرفارم کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لوکل پلیئرز پاکستان کی جانب سے کھیل رہے ہیں، اچھی فارم میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کے کیریئر میں نکھار دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، خواہش تھی کہ ہم اس کو پک کرتے مگر پہلے پشاور زلمی نے پک کرلیا۔ دکھ ہے کہ وہ ہمارے پاس نہیں ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ میرا پہلا ہدف ٹیم کےلیے بہتر سے بہتر پرفارمنس دے کر ٹیم کو جتوانا ہے۔ رات کے میچز میں دوسری اننگز میں اوس کا کردار اہم ہوگا۔















