پروویڈنس(نیوز ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی مینز ورلڈ کپ کے 14ویں میچ میں افغانستان نے ایک اور اپ سیٹ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 160 رنز کے دفاع میں 75 رنز پر آؤٹ کر دیا۔نیوزی لینڈ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
افغان اوپنرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
پہلی اننگز
ابراہیم زردان نے 41 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رحمان اللہ گرباز نے 56 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے اور اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہو گئے۔
افغانستان کی پہلی وکٹ 103 رنز پر 14ویں اوور میں گری جب ابراہیم زردان ہینری کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی عظمت اللہ عمرزئی تھے جنہوں نے 13 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے محمد نبی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس چلے گئے، کپتان راشد خان چھ کے سکور پر رن آؤٹ ہوئے۔
ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے گلبدین نائب کوئی رن نہ بنا سکے جبکہ کریم جنت اور نجیب اللہ زردان نے ایک ایک رن بنایا اور ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فرگوسن ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
دوسری اننگز
افغانستان کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن بغیر کوئی رن بنائے فضل حق فاروقی کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے 18 اور میٹ ہینری نے 10 رنز بنائے جب کہ بقیہ بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگر میں نہیں پہنچ سکا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 160 رنز کے دفاع میں افغان باؤلر فضل حق نے 3.2 اوورز میں 17 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان نے بھی اپنے چار اوورز میں 17 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
محمد نبی نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نور احمد اور نوین الحق کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ سی کی دونوں ٹیمیں پروویڈنس کے گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل تھیں۔
مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے دو بیٹے گرفتار