کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ فاطمہ آفندی نے کہا کہ بالی وڈ سے فلم کی آفر ہوئی میں نے انکار کردیا ، میرے کچھ دائرہ کار ہیں، ان کے باہر جاکر میں کام نہیں کرسکتی، مجھے فیملی کی جانب سے کوئی روک ٹوک نہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکارہ فاطمہ آفندی نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں بالی وڈ سے ایک فلم کی پیشکش ہوئی تھی تاہم انہوں نے فلم کرنے سے منع کر دیا تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ ‘بالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر انیس بزمی کی ایک فلم تھی جس کے لیے مجھ سے رابطہ کیا گیا، کچھ سال قبل مجھے ایک فون کال آئی جس میں کہا گیا کہ اس طرح بھارت میں میرا انٹرویو ہے اور ایک فلم ہے تو کیا آپ وہ کرنا پسند کریں گی؟’فاطمہ آفندی نے کہا کہ ‘میں نے انکار کردیا جس پر انہوں نے وجہ پوچھی تو میں نے جواب دیا کہ میرے کچھ دائرہ کار ہیں، ان کے باہر جاکر میں کام نہیں کرسکتی، مجھے فیملی کی جانب سے کوئی روک ٹوک نہیں لیکن میں نے اپنے لیے کچھ باؤنڈریز سیٹ کی ہوئی ہیں اور وہ ڈراموں کے لیے بھی ہیں’۔ اداکارہ نےمزید کہا ‘فلموں میں کام کے کچھ تقاضے ہوتے ہیں، وہاں جسم کی نمائش کرنی پڑتی ہے، کچھ ایسے سین عکسبند کرانے ہوتے ہیں جو میں نہیں کر سکتی، الحمداللہ میں اپنے کام سے خوش ہوں’۔واضح رہے کہ فاطمہ آفندی پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی سابق نیوز اینکر اور مقبول اداکارہ فوزیہ مشتاق کی بیٹی ہیں، اس کے علاوہ فاطمہ اداکار کنور ارسلان کی اہلیہ بھی ہیں۔