اسلام آباد (نیوزڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غزہ میں امن کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کردار ادا کرنا چاہیے، نگران وزیراعظم نے ازبکستان کا دو روزہ دورہ کیا، نگران وزیراعظم کی جانب سے دو روز قبل پریس کانفرنس میں اس حوالے سے پالیسی بیان دیا گیا ۔ نگران وزیراعظم آج او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں آئین و قوانین ، مذہب پر عملدرآمد کی آزادی فراہم کرتے ہیں، پاکستانی قوانین اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بطور قابض طاقت اسرائیل کو چوتھے جینوا کنوینشن کا احترام کرنا چاہیے، ہم نے امریکہ کا غزہ میں چند گھنٹوں کی جنگ بندی کا بیان دیکھا ہے، ملٹری آپریشن میں ٹیکٹیکل وقفے انسانی امداد کے غزہ رسائی میں مددگار ثابت نہیں ہوسکتے ، پاکستان غزہ میں مکمل جنگ بندی کا حامی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں ہمیں افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تحفظات ہیں ،
ترجمان کے مطابق رواں ہفتے کے شروع میں جموں و کشمیر میں ڈوگرا راج، آر ایس ایس کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام ہوا، ہم اس واقعہ کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں، بھارت کشمیریوں کے نا قابل تنسیخ حق خود ارادیت کا احترام کرے۔
