اہم خبریں

کہاں ہوگی بارش، کہاں برف اپنے ڈیرے جمائے گی، محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو بڑی خبردیدی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ملک بھر میں سردی کی خشک لہر نے عوام کو مختلف بیماریوں میں مبتلا کردیا ، ان حالات میں محکمہ موسمیات نے عوام اور سیاحوں کو بڑی خوشخبری دیدی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی اور پہاڑوں پر برفبار ی کا امکان ہے، آج شمالی بلوچستان، خیبر پخونخوا اور گلگت بلتستان خطہ پوٹوہار میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی، جبکہ کراچی میں سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت میں درجہ حرارت منفی 5، قلات میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تربت میں کم سے کم 11، پنجگور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا، جبکہ خضدار اور لسبیلہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں موسم مزید سرد ہوگیا ہے، شمالی علاقوں میں آج اور کل بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بارش سے دھند کی شدت میں کمی کا بھی امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور ابرآلود رہے گا، کوئٹہ، ژوب، زیارت، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن، پشین میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، دیر، چترال، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد ، باجوڑ، کرم، پشاور، چارسدہ اور کوہاٹ میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری بھی ممکن ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد ہوگا، مری میں شام کے اوقات میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر،منگلہ، منڈی بہاؤالدین، جوہر آباد اور ڈیرہ غازی خان میں دھند کا امکان ہے۔

ادھر سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد اور موہنجوداڑو میں دھند پڑنے کا امکان ہے، کراچی میں صبح سے سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں