اہم خبریں

عمران خان قاتلانہ حملہ، وفاق کی جانب سے تحقیقات میں عدم تعاون پر پنجاب کا جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ

لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت کے رہنما ئوں نے کہا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں وفاقی ادارے تعاون نہیں کر رہے، واقعے پر سپریم کورٹ کوجوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے،جوڈیشل کمیشن ان تمام معاملات کی انکوائری کرے،جوڈیشل کمیشن کے مطالبے میں کوئی دوسری رائے نہیں ہونی چاہیے،وفاقی حکومت منصوبے کے تحت عمران خان کی جان لینا چاہتی تھی،وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ فوری طورپر مستعفی ہو جائیں،یہ اچانک واقعہ نہیں ہوا اس کے پیچھے ایک سازش ہے۔جمعہ کے روز لاہور میں رہنما پی ٹی آئی میاں اسلم اقبال، محمود الرشید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف راجہ بشارت نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے غیر ذمہ دارانہ بیان پاکستان کی بے عزتی ہے،عالمی برادری اور انٹرنیشنل میڈیا میں پاکستان کا کیا امیج ہوگا، دنیا تسلیم کرتی ہے کہ عمران خان پر سازش کے تحت حملہ کیا گیا ،عمران خان زخمی ہوکر ہسپتال منتقل ہوئے آج تک علاج ہورہا ہے،ایسا شخص جو دماغی توازن کھو بیٹھا ہے اس کا بیان افسوسناک ہے،ہم اس کے بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں،کل خان صاحب نے اہم مطالبہ کیا ، کہاکہ سپریم کورٹ کوجوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے،جوڈیشل کمیشن ان تمام معاملات کی انکوائری کرے،جوڈیشل کمیشن کے مطالبے میں کوئی دوسری رائے نہیں ہونی چاہیے،وفاقی حکومت منصوبے کے تحت عمران خان کی جان لینا چاہتی تھی،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ فوری طور پر جوڈیشل کمیشن بنائے، جے آئی ٹی سے متعلق کہا گیا کہ وہ جانبدار ہے،کسی کی جے آئی ٹی پر اعتراض ہے تو فورم موجود ہیں،وفاقی حکومت کی بے حسی پر افسوس ہوتا ہے،وفاقی حکومت نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔اس موقع پر میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ فوری طورپر مستعفی ہو جائیں،یہ اچانک واقعہ نہیں ہوا اس کے پیچھے ایک سازش ہے ،اس سے پہلے بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی، جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کے بیانات کا ملاحظہ کر لیں،ان کی جانب سے کہا گیا کہ جس طرح سلمان تاثیر کے ساتھ ہوا اس بھی وہی رنگ دیا جائے گا،عوام کے دل عمران خان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی اسلم اقبال نے کہا کہ سانحہ وزیرآباد فائرنگ کے واقعہ کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی گئی،ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں،جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کو ان کے گھر میں کوئی نہیں پوچھتا،انہوں نے بیان دیا اور پی ٹی وی اس میں ملوث ہے،ایک طرف پلا ن بنارہے تھے جبکہ دوسری طرف قاتلانہ حملہ کیاگیا،عمران خان کو موقع پر قتل کرنے کا منصوبہ تھا ہم تو کنٹینر پر موجود تھے،میں نے یہ واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کیسے عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ پر جو پیسہ باہر گیا وہ عوام کا پیسہ ہے،اس مافیا کو پاکستان میں صرف ایک بندہ چیلنج کرسکتا تھا،26سال ایک بندہ پاکستان میں صرف انصاف اور کرپشن کے خاتمے کی باتیں کرتا رہا ہے۔اسلم اقبال نے کہا کہ انصاف اور کرپشن کے خاتمے کی باتیں موجودہ حکومت کو سوٹ نہیں کرتیں، جب ان کو بات سوٹ نہ کرے تو بندہ مائنس کردیتے ہیں،یہ صرف اکیلا عمران خان کو مائنس نہیںکررہے بلکہ کئی لوگوں کو کر چکے ہیں،عمران خان پاکستان کا وہ باوقار لیڈر ہے جس نے اقوام متحدہ میں پاکستان اور اسلام کی سربلندی کی بات کی جو آج تک کسی نے نہیں کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو عمران خان کی مقبولیت سے خوف آتا ہے،جیسا کہ میاں محمود الرشید نے بتایا کہ تین چوتھائی حصے کا کلین سویپ ہے،یہ گھوڑا اور میدان ہے آئیں مقابلہ کریں،ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کو فوری طورپر جوڈیشل کمیشن بنانا چاہیے،باعزت عدلیہ سے گزارش ہے کہ اس معاملے کو دیکھیں،عمران خان صرف پاکستان میں مقبول ترین لیڈر نہیں بلکہ دنیا میں بھی اس کی عزت ہے،فرانزک نتائج پر ادارے کیوں کام نہیں کر رہے،وفاقی حکومت کیا کررہی ہے،روزانہ کی بنیاد پر چار ، پانچ بندے پریس کانفرنس کرنے آجاتے ہیں،آنے والے دنوں میں سب کی کرتوت عوام کے سامنے آجائے گی۔

متعلقہ خبریں