اہم خبریں

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اسٹیٹ لائف کو دعویداروں کو 19 لاکھ روپے سے زائد کے کلیم ادا کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسٹیٹ لائف کی وفاقی محتسب کے 4 فیصلوں کے خلاف اپیلیں مسترد کر دیں۔ انہوں نے اسٹیٹ لائف کو لائف انشورنس پالیسی جاری کرنے سے پہلے کے تصدیقی عمل کو مضبوط کرنے اور اسٹیٹ لائف کو دعویداروں کو 19 لاکھ روپے سے زائد کے کلیم ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسٹیٹ لائف پالیسی دینے سے پہلے اور بعد کے عمل کو بہتر بنائے تاکہ لوگوں کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، ان اقدامات سے ریاست اور شکایت کنندگان کے قانونی چارہ جوئی پر اٹھنے والے اخراجات کو بھی کم کیا جاسکے گا۔ صدر مملکت نے کنٹریکٹ ایکٹ 1872ء کا حوالہ بھی دیا اورکہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس نے بیماری چھپانے کے عذر پر کلیم ادا نہ کر کے بدانتظامی کی ، اسٹیٹ لائف اصل کلیم کے علاوہ اس مدت کے دوران جمع ہونے والے منافع کی ادائیگی بھی کرے، صدر مملکت نے اسٹیٹ لائف کی وفاقی محتسب کے 4 فیصلوں کے خلاف اپیلیں مسترد کر دیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پالیسی ہولڈرز کو پالیسی جاری کرنے سے قبل مجاز میڈیکل آفیسر نے طبی معائنہ میں طبی طور پر صحت مند قرار دیا ، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور میلیٹس جیسی بیماریوں کو غیر معمولی وجوہات نہیں کہا جا سکتا ، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایسی بیماریوں کو چھپانے کو دھوکہ دہی سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چار مختلف پالیسی ہولڈرز نے مجموعی طور پر 19.5 لاکھ روپے کی لائف انشورنس پالیسیاں خریدیں ، جس میں 9لاکھ، 4لاکھ 25ہزار، 4لاکھ 25ہزار اور 2لاکھ شامل ہیں۔ وفات کے بعد خاندان کے افراد (شکایت کنندگان) نے انشورنس کلیمز کے لیے درخواست دی، اسٹیٹ لائف نے پالیسی لیتے وقت بیماریاں چھپانے کا عذر بنا کر کلیم ادائیگی سے انکار کیا، شکایت کنندگان نے ریلیف کیلئے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا اسٹیٹ لائف نے محتسب احکامات کے خلاف صدر مملکت کو درخواستیں دائر کیں جو کہ مسترد کر دی گئیں۔

متعلقہ خبریں