سیالکوٹ(اے بی این نیوز )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور میں ہر شعبہ تنزلی اور بدحالی کا شکار ہوا، شہباز شریف نے ملک کو مشکلات اور چیلنجز سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کی فراہمی وزیراعظم شہباز شریف کا ویڑن ہے،اپنی کارکردگی کے ساتھ عوام کے پاس جائیں گے۔اتوار کو گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو بااختیار بنانے کی یہ اسکیم شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب شروع کی تھی، پنجاب انڈومنٹ فنڈ سے لاکھوں طالب علموں کو اندرون ملک اور بیرون ملک تعلیم دلائی گئی، دانش سکول شروع کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بنیادی قدم تھا جو شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ شروع کیا تاہم بعد کے ادوار میں اس کو جاری نہیں رکھا گیا جو افسوسناک ہے، یہ وہ سرمایہ کاری تھی جو آنے والی نسلوں کیلئے تھی اس کو نہ صرف روک دیا گیا بلکہ اس کا رخ بدل دیا گیا اور ایک ایسے دور کا آغاز ہوا جس میں سارا معاشرہ ایک انحطاط کا شکار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 ماہ میں شہباز شریف کا جو کردار بطور وزیراعظم رہا وہ کوئی اور نہیں کرسکتا تھا، بارہ جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا اور ان میں توازن رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے اقتدار کی مدت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ہم سب عوام کی عدالت میں حاضر ہوں اور وہ فیصلہ کریں اس ملک میں پچھلے پانچ سال میں کیا ہوا اور اس کی کیا قیمت ہم ادا کرچکے اور کریں گے۔ گزشتہ سوا سال کے اندر شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے ہمالیہ سے بڑے مسائل کا سامنا کیا، ان میں سب سے بڑا مسئلہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تھا، گو کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنا کوئی قابل فخر بات نہیں ہے لیکن جس صورتحال کا ملک کو سامنا تھا اس میں شہباز شریف کے علاوہ کوئی اور فرد آئی ایم ایف کے ساتھ یہ معاہدہ نہیں کرسکتا تھا۔ یہ ہماری معاشی زندگی کی اشد ضرورت بن چکی تھی کہ بنانے اور بگڑنے کا یہ مرحلہ بن چکا تھا۔ وزیراعظم نے دنیا میں اعلیٰ سطح پر اس کیلئے کاوشیں کیں، 15 مہینوں میں اتحادی حکومت کو لے کر آگے بڑھنا اور الیکشن تک آنا اور اپنے پندرہ مہینے کی بیلنس شیٹ لے کر آنے والے چند مہینوں میں عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے، فیصلہ پاکستان کی عوام کرے گی جو اللہ تعالی کی ذات کے بعد طاقت کا سرچشمہ ہے۔