اہم خبریں

روات میں خاتون کی آٹھویں منزل سے گرکر موت حادثہ نہیں قتل نکلا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) نیوایئر نائٹ پر خاتون کی آٹھویں منزل سے گر کر جاں بحق ہونے کا واقعہ حادثہ نہیں بلکہ قتل کئے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔ ذرائع کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، بھائی کی درخواست پر نجی کمپنی جہاں پر مقتولہ ملازمت کرتی تھی، مالکان و انتظامیہ کےخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ ہمشیرہ صنم ناز ہاشی گروپ آف کمپنیز میں ریسپشنسٹ کی حیثیت سے ملازمت کرتی تھی۔مدعی کا کہنا ہے کہ ہمشیرہ نے چھوٹی بہن کو بتایا تھا کہ نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں زیر تعمیر پلازہ میں نیوائیر نائٹ کا فنکشن ہے، جس میں چیئرمین، ایڈمن انچارج، ایڈمن آفیسر وغیرہ بھی شریک ہوں گے۔

ہمشیرہ نے فنکشن میں پہنچ کر بھی چھوٹی بہن کو اطلاع بھی دی۔مدعی نے درخواست میں کہا کہ متعدد بار مقتولہ سے چھوٹی بہن نے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم رابطہ ممکن نہ ہوا، رات 2 بجے چیئرمین کمپنی ہاشم رضا، ایڈمن انچارج خورشید دورانی، وغیرہ گھر آئے اور کہا صنم ناز حادثے میں زخمی ہوگئی ۔ جب ہسپتال پہنچے تو نعش مردہ خانے میں موجود جس پر زخموں کے نشانات تھے۔تدفین وغیرہ سے فارغ ہوئے توپتہ چلا کہ کمپنی کے افراد نے باہم صلاح مشورہ ہو کر مبینہ طور پر ہوس کی تسکین نہ ہونے پر مقتولہ کو آٹھویں منزل پر لفٹ کی جگہ سے دھکا دیکر واقعہ کو حادثہ کا رنگ دیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں