اہم خبریں

حکومت سکول سے باہر بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال

اسلام آباد(  اے بی این نیوز  )وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت سکول سے باہر بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، بچوں میں مشاہداتی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، ابتدائی اور بنیادی تعلیم کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت تعلیم کے زیر اہتمام پاکستان لرننگ کانفرنس 2023 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں عالمی ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور ماہرین نے بچوں کے روشن مستقبل کی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے ابتدائی اور بنیادی تعلیم کے اہم موضوع پر کانفرنس منعقد کرنے پر وزارت تعلیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اس وقت علمی انقلاب، اختراعات اور تخلیقی صلاحیتوں کے دور میں ہیں ۔ انہوں نے مہارت کی نشوونما کے لئے ایک بچے کی زندگی کے پہلے 1000 دنوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ای سی ای کے اندر رسمی اور غیر رسمی تعلیم دونوں کو یکجا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تعلیم کسی بھی بچے کے مستقبل کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے، بہتر ابتدائی تعلیم ملک کی ترقی کے درمیان اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کسی ملک کا مستقبل اس حد تک انحصار کرتا ہے کہ تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعات کو کلاس روم اور لیبارٹری میں کس حد تک ضم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بچوں میں مشاہداتی صلاحیتوں اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ25 بلین روپے کا فنڈ خاص طور پر سکول سے باہر بچوں کے لئے قائم کیا گیا ہے اور کہا کہ ابتدائی بچپن کی تعلیم (ای سی ای) کے لئے ایک اہم حصہ مختص کیا جانا چاہئے۔

متعلقہ خبریں