کراچی(نیوز ڈیسک )محکمہ صحت سندھ کے حکام نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے اومیکرون ویرینٹ کے سب ویرینٹ ایکس بی بی کے 6 کیس سامنے آئے ہیں، ڈی ایچ اے میں 3، شادمان اور طارق روڈ کے علاقے میں ایک ایک مریض رپورٹ ہوا جبکہ ایک کیس ضلع شرقی میں سامنے آیا ہے، محکمہ صحت کے مطابق متاثرین کی کوئی ٹریول ہسٹری سامنے نہیں آئی۔محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ جن افراد کو کورونا کی علامات ہیں وہ اپنے آپ کو آئیسولیٹ کریں، ویکسین کی بوسٹر ڈوز شہری فوری لگوائیں اور بڑے اجتماعات سے پرہیز کیا جائے۔حکام محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ نئے کیسز اومیکرون ویرینٹ کے سب ویرینٹ ایکس بی بی کے ہیں ، جن کی تصدیق نیشنل سٹیڈیم روڈ پر واقع نجی ہسپتال نے کی ہے، کیسز کی تصدیق کے بعد اب ان لوگوں کے رابطہ میں آنے والوں کے ٹیسٹوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔