اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں توانائی کی بچت سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ملک میں مارکیٹیں ساڑھے 8 اور شادی ہالز 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گرمیوں میں ہم 29 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جبکہ سردیوں میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، گرمیوں میں ہم 17 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اسٹریٹ لائٹس کے بجائے 50 فیصد لائٹس جلائی جائیں گی، الیکٹرک موٹرسائیکل کی حوصلہ افزائی کی جائیں گی- موٹر سائیکل کی بیٹری کو گھر میں ہی چارج کیا جاسکے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے۔ آج کابینہ اجلاس میں کوئی لائٹ نہیں جل رہی تھی۔ اجلاس مکمل طور پر سورج کی روشنی میں ہوا۔ ہماری عادات و اطوار باقی دنیا سے مختلف ہیں۔
وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری محکموں میں 30 فی صد بجلی بچائی جائے گی اور توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے دیگر ذرائع کا استعمال کیا جائے گا۔