اہم خبریں

وزیر اعظم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،رانا مبشر اقبال

لاہور(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم کے معاون خصوصی رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،مسلم لیگ نے پاکستان کو بنایا ہے اوریہی اسے بحرانوں سے نکالے گی،عمران خان نے توشہ خانہ کی اربوں روپے کی چیزوں کو کوڑیوں کے بھائو خریدا،عمران خان سے لوٹی ہو ئی ایک ایک پائی وصول کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں خیابان امین میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالہ میں اتنے قرضے لئے جتنے گذشتہ 70سالوں میں بھی نہیں لئے گئے،ان قرضوں سے نہ ملک میں موٹر ویز بنیں اور نہ کوئی میگا پراجیکٹ شروع کیا گیا،ان قرض کے پیسوں سے عمران خان نے صرف اپنے حواریوں کو نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اس چیز کا کوئی حق نہیں تھا کہ وہ پاکستان کو بطور تحفہ دی گئی چیزیں کوڑیوں کے دام خریدیں،عمران خان نے اپنے دور میں ملک کے خلاف سازشیں کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان کو بڑی قربانیاں دے کر بنایا اور اب بھی یہی جماعت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالے گی، عمران خان ملک کے خلاف روزانہ پراپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں ہو گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، وفاقی حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت ملک پہلے کی نسبت زیادہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں بے روز گار نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں اور بے گھر افراد کو پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا جسے وہ پورا کرنے میں ناکام رہے،عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ حکومت میں آ نے کے بعد باصلاحیت معاشی ٹیم تشکیل دی جائے گی جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں مدد دے گی لیکن عمران خان اور اس کی ٹیم نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے،موٹر ویز بنائیں،بے روز گار نوجوانوں کوروز گار کے بے پناہ مواقع فراہم کئے،ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے11ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی اور اندھیروں کو ختم کر کے ملک میں اجالا کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے دور میں ہمیں قرضہ لینے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ پاکستان دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہا تھا جبکہ عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے اتنا دبا دیا کہ اب حکومت کو ان قرضوں کی ادائیگی کیلئے آ ئی ایم ایف کی کڑی شرائط پر مزید قرضے لینے پڑ رہے ہیں۔رانا مبشر اقبال نے کہا کہ جب بھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ذکر آ ئے گا تو مسلم لیگ ن کا نام سامنے آ ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ اور اس کے کارکنوں پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں جیلوں میں ڈالا اور ان پر ایک دھیلے کی بھی بد عنوانی ثابت نہ کر سکے اورمحمد نواز شریف ،محمد شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور مریم نواز نہ صرف پاکستانی بلکہ بیرونی عدالتوں سے بھی سرخرو ہو ئے۔ ایک سوال کے جواب میںرانامبشر اقبال نے کہا کہ فرح گوگی ملک سے فرار ہو چکی ہیں، جب پاکستان واپس آئیں گی توعمران خان کے خلاف کرپشن کے مقدمات درج ہوں گے ، اس وقت عمران خان کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہو گا۔

متعلقہ خبریں