اسلام آباد (اے بی این نیوز )آڈیو لیکس کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے آڈیوز میں مبینہ طور پر شامل گفتگو 4 شخصیات کو 27 مئی کو طلب کرلیا۔جوٖڈیشل کمیشن نے جن 4 شخصیات کو طلبی کے نوٹس جاری کیے ہیں ان میں صدرسپریم کورٹ بار عابد زبیری، ایڈووکیٹ طارق رحیم، صحافی عبد القیوم صدیقی اور ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب شامل ہیں۔وفاقی حکومت مختلف آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کو 8 آڈیوز اور ان کے ٹرانسکرپٹ فراہم کرچکی ہے۔ آڈیو لیکس سے متعلق افراد کے نام، پتے اور فون نمبرز بھی کمیشن کو فراہم کیے گئے ہیں۔اٹارنی جنرل آفس نے 8 آڈیوز سے متعلق 12 ناموں کی فہرست انکوائری کمیشن میں جمع کروائی ہے۔ ان افراد میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، وکیل خواجہ طارق رحیم، صدر سپریم کورٹ عابد زبیری، چیف جسٹس ثاقب نثار، صحافی قیوم صدیقی، سابق وزیر اعظم عمران خان، جمشید چیمہ، چیف جسٹس کی خوشدامن ماہ جبیں نون، خواجہ طارق رحیم کی اہلیہ رافعہ طارق، سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم ثاقب اور ابوذر مقصود چدھڑ شامل ہیں۔ فہرست میں سپریم کورٹ کے ایک حاضر سروس جج کا نام بھی ہے۔















