اسلام آباد (اے بی این نیوز )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی،ملاقات میں جیو اسٹریٹجک ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدید بنانے اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا،سربراہ پاک فضائیہ نے وزیر خارجہ کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا،۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ کا مقصد ایوی ایشن، اسپیس، آئی ٹی، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، ترقی اور اختراع کو فروغ دینا ہے پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان کے لیے سماجی، اقتصادی، تکنیکی اور سائنسی فوائد کو یقینی بنایا جاسکے گا، ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیر خارجہ نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔حکومت پاکستان پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ ملک کے ناقابل تسخیر فضائی دفاع کو یقینی بنایا جاسکے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم پاک فضائیہ کے تمام شہداء کی شکر گزار ہے جنہوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔پاک فضائیہ کی قیادت کی جانب سے تربیتی شعبے میں کی گئی اصلاحات قابل تعریف ہیں، ان اصلاحات سے ایک صف بستہ اور ہنر مند افرادی قوت پیدا کی جا سکے گی جو ایوی ایشن انڈسٹری کے بدلتے محرکات اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہو،وزیر خارجہ کو پاک فضائیہ کو جدید بنانے کے لیئے جاری مختلف منصوبوں اور اسکی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔















