اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس سلطان علی خواجہ نے یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر ملک اور قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیشکرنے کیلئے یاد گار شہداء پر حاضری دی ا ور پھول چڑھائے۔ شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا اور سلامی پیش کی گئی۔ سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے قیام سے لے کر تاحال 47افسران نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ جس میں ایک خاتون آفیسر بھی شامل ہیں۔ انسپکٹر جنرل سلطان علی خواجہ نے کہا کہ بلاشبہ شہداء ہمارا قابل فخر اثاثہ ہیں۔ جنہوں نے اپنی جانو ں کے نذرانے پیش کر کے جرات اور بہادری کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔ شہداء ہمارے محسن ہیں اور شہداء نے اپنے خون سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں۔شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہم شہداء کے خاندان کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا ادارہ بھی روایا ت کی پاسداری کرتے ہوئے شہداء اور انکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہود کے لئے ہر دم کوشاں ہے۔















