اسلام آباد (اے بی این نیوز)افواج پاکستان نے 1965 کی جنگ کے ہیرو سکواڈرن لیڈر علاؤالدین احمد (شہید) کو خراج عقیدت پیش کیا، سکواڈرن لیڈر علاؤالدین احمد شہید نے دشمن کے خلاف بیس جنگی مشنز کے دوران اپنے سکواڈرن کی قیادت کی اور غیر معمولی جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا،سکواڈرن لیڈر علاؤالدین احمد کی قیادت میں پر اعتمادی، حوصلہ مندی اور غیر متزلزل عزم جیسے خواص نمایاں رہے، سکواڈرن لیڈر علاؤالدین احمد کی قیادت میں پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بہادری کی انگنت داستانیں رقم کیں، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ان کی قیادت میں متعدد ہندوستانی جنگی اثاثوں کو کامیابی سے تباہ کیا،13 ستمبر، 1965 کے روز اپنی آخری اڑان کے دوران انہوں نے گورداسپور ریلوے اسٹیشن پر گولہ بارود سے بھری ایک ٹرین پر حملہ کرکے اسے تباہ کیا، اس حملے کے دوران انکے طیارے کو شدید نقصان پہنچا اور سکواڈرن لیڈر علاؤالدین احمد اس مشن کے دوران شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔،سکواڈرن لیڈر علاؤالدین احمد کو مثالی قیادت، جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ’ستارہ جرات‘ سے نوازا گیا۔















