اہم خبریں

ملک کوبحرانوں سے نکالنے کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہی ہیں،شاہ محمود قریشی

ملتان (نیوزڈیسک)پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ملک کوبحرانوں سے نکالنے کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہی ہیں،عمران خان نے بھی سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے فوری اور شفاف الیکشن کا مطالبہ کیا،مہنگائی نے ملک کے 70سالہ ریکارڈ توڑ دیئے،امپورٹڈ حکومت نے عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا،موجودہ حکومت نے 8ماہ میں صرف اپنےکیسز ختم کروائے مہنگائی کم کرنے کیلے کچھ نہیں کیا،ہماری حکومت کے تمام معاشی مثبت اعشاریے اب منفی ہوگئے ہیں،نااہل اور امپورٹڈ حکمرانوں کی وجہ سے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے ،2022ملکی سیاست کا سیاہ ترین سال تھا،پی ٹی آئی حکومت کو ختم کرکے عوامی مینڈیٹ پرشب خون مارگیا،سال2022میں ایک سازش کے تحت منتخب حکومت کاتختہ الٹایا گیا،عمران خان کی حکومت ختم کرکے چلتی ترقی کاراستہ روکاگیا،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ رجیم چینج کے بعدبھی پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوا ۔پی ٹی آئی کو بکھیرنے کی خواہش کرنے والے خود بکھر جائیں گے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ڈی ایم ملک میں انتشار کی سیاست کررہی ہے، حکمرانوں نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، گزشتہ سات ماہ میں ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا، مہنگائی عروج پر پہنچ گئی،پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی بحران مزید بڑھ رہا ہے، جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آتا معیشت کنٹرول نہیں ہو سکتی۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی استحکام کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات کو کہا ہے،فوری اور شفاف اتنخابات ہی ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرسکتے ہیں، جتنا انتخابات کے انعقاد میں تاخیر ہو گی اتنا ملک کے لئے نقصان دہ ہو گا۔

متعلقہ خبریں