کچھ پڑوسی ممالک میں کرونا کے پھیلنے کا خطرہ ہے تاہم پاکستان محفوظ ہے ،وفاقی وزیر عبدالقادرپٹیل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادرپٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تک ایک فیصد بھی کورونا سے متاثر نہیں ہے، کچھ پڑوسی ممالک میں اس کے پھیلنے کا خطرہ ہے لیکن پاکستان میں اس کے پھیلنے کے خطرات نہیں ہیں ۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں ابھی تک اس کی شرح 0.33فیصد ہے اور یہ 0.5فیصد سے بھی کم ہے، اس میں بہت بڑی محنت شامل ہے، پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جن میں کووڈ ویکسی نیشن کی شرح 95فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جو ہم نے بچوں میں ویکسینیشن کی مہم شروع کی تھی جس کے دوران 80 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈکے حوالے سے حالات پوری طرح کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر رسیدہ وہ افراد اجو مختلف بیماریوں کا شکار ہوں وہ بھی کووڈ کا شکار نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری طرح متحرک نہیں ، ہم ، ہمارے لوگ اور ہماری ٹیم کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برت رہی ، پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے توسط سے اپنے لوگوں سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں، ہم ہر لمحہ اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اگرکوئی بھی ایسی صورتحال ہو تو ہم اپنی قوم سے چھپائیں گے نہیں، اس وقت عوام کسی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور بارڈرزپر کڑی نگرانی شروع کردی ہے اور ہماری بارڈر ہیلتھ سروس بڑی جانفشانی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کی شرح بھی 2فیصد کردی ہے۔ احتیاطبی تدابیر کے لئے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک ہم ہیں اورآئندہ بھی اس سے محفوظ رہیں گے۔

ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں اور ہر وقت باخبر رہیں

WhatsApp Channel