اہم خبریں

یو اے ای حکومت نے کسی پاکستانی پر ویزہ کی پابندی نہیں لگائی، قونصل جنرل

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے پاکستانی شہریوں کے لیے یو اے ای ویزہ کی پابندی کی اطلاعات کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے سختی سے مستردکردیا۔ یو اے ای کے قونصل جنرل نے کہا کہ یو اے ای حکومت کی جانب سے ویزے کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے، پاکستان کے شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزہ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور انہیں ویزے دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کراچی قونصلیٹ سے بھی ان شہروں کی پیدائش رکھنے والے یا رہائشی پاکستانی بھائیوں کے وہ خود ویزے لگا کر دے رہے ہیں۔قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے افسوس ظاہر کیا کہ نہ جانے ایسا کیوں کیا جا رہا ہے، ہر کچھ عرصے بعد مختلف قسم کی افواہیں پھیلا دی جاتی ہیں، نہ جانے کون لوگ اس طرح کی افواہیں کیوں پھیلا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سماجی رابطوں کی کچھ ویب سائٹس پر اس طرح کے پوسٹرز گردش کر رہے ہیں جن میں پاکستان کے مختلف شہروں میں پیدا ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے سیاحتی ویزے کی پابندی ظاہر کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں