کراچی(نیوزڈیسک) کراچی میں بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں کار پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کا 3 ملزمان گاڑی پر پیچھا کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق اتحاد ٹاؤن میں عیدگاہ موڑ کے قریب کار پر فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت 37 سالہ رفیع اللّٰہ کے نام سے ہوئی ہے۔رفیع اللّٰہ کا تین ملزمان گاڑی پر پیچھا کر رہے تھے، ملزمان نے پیچھے سے فائرنگ کی، گولی مقتول کے سر پر پیچھے سے لگی۔ملزمان نے مقتول سے کوئی لوٹ مار نہیں کی، جبکہ مقتول کی جیب سے 30 ہزار روپے سے زائد کی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول رشید آباد کا رہائشی ہے، تاہم وہ اتحاد ٹاؤن میں سنسان جگہ پر کیا کررہا تھا اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے۔