اہم خبریں

سندھ ہاؤس اسلام آباد میں منڈی لگانے والی قوتیں لاہور پہنچ چکی،ہماری اراکین کو رقم کی آفر دی جا رہی ہے ،شاہ محمود قریشی

ملتان(نامہ نگار خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور میں ضمیر فروشوں کا بازار سجایاجارہا ہے۔ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں منڈی لگانے والی قوتیں لاہور پہنچ چکی ہیں۔ہمارے اراکین اسمبلی کو دھونس و دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اراکین کو رقم کی آفر دی جا رہی ہے کہ ووٹنگ والے دن اجلاس سے غیر حاضر ہو جائیں۔ ہمارے اراکین اسمبلی جھکنے اور بکنے والے نہیں۔ہمارے اراکین اسمبلی اپنی جگہ پر قائم ہیں۔ہمارے منتخب اراکین اسمبلی اجلاس میں بھرپور جواب دیں گے۔ ہم تحریک عدم اعتماد کا سیاسی طور پر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ان کے پاس اکثریت ہیں تو ثابت کر دیں۔ ہم آج بھی اپنی اکثریت ثابت کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔گزشتہ روز پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے اجلاس میں عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ق لیگ کے ا راکین نے چودھری پرویز الٰہی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ہمارے تمام ارکین ہمارے ساتھ ہیں۔ کوئی رکن منحرف نہیں ہوا۔ 17جولائی کی مثال قوم کے سامنے ہے۔ جو رکن منحرف ہوا عوام نے اسے آئینہ دیکھایا اور اسے ضمنی انتخاب میں مسترد کیا۔ اور منحرف اراکین کو گالی بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں این اے 156میں قاسم پور کالونی کینال ہیڈ ڈمری والہ تا انڈسٹریل اسٹیٹ میں ساڑھے سات کلو میٹر کارپیٹڈ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار‘ قربان فاطمہ‘ رانا افضل‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی و عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد اس موقع پر موجودتھی۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز جمہوریت پر وار کیا گیا۔ آئین اور جمہوریت پر حملہ کیا گیا۔ اراکین اسمبلی کے استحقاق کو مجروح کیا گیا۔ ہم نے گورنر کے اس غیر قانونی و آئینی اقدام کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ ہمیں امید ہے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اس پر توجہ دیں گے اور فوری انصاف فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا گزشتہ روز گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرکے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کیا۔میں سوال کرتا ہوں گورنر پنجاب نے کس قانون کے تحت وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کیا ہے؟ ہمیں گورنر پنجاب کے غیر آئینی اقدام کا اندیشہ تھا۔عمران خان کی کال پر گزشتہ روز ہمارے اراکین نے گورنر ہاؤس کے باہر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کروایا۔ہمیں حیرت اس بات پرہوئی چیف سیکرٹری پنجاب نے گورنر کے غیر آئینی اقدامات پر عمل درآمد کیا۔ گورنر کے اقدام سے ثابت ہوا کہ یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔آج عوام اور بلخصوص وکلاء کو احساس ہو گیا ہوگا کہ تحریک انصاف ملک میں قانون کی بالا دستی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ لیکن اس ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس نظر آرہی ہے۔ سنجیدہ لوگ ہمیں بنانا ”ری پبلک“سے تشبیہہ دے رہے ہیں جو کہ افسوس ناک بات ہے۔ حکومت کے اس غیر آئینی اقدا م سے پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ہم گورنر پنجاب کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں