اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، پرویز الہٰی اور صوبائی کابینہ بدستور اپنے فرائض سر انجام دیتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کے خلاف ریفرنس صدر کو بھیجا جائے گا اور ان کو عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ایک اور ٹویٹ میں پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ اگر یہ اصول مان لیا جائے کہ گورنر اپنی مرضی سے وزیر اعلیٰ کو گھر بھیج سکتا ہے تو پھر صدر اپنی مرضی سے وزیر اعظم کو بھی گھر بھیج سکے گا، رات کے اندھیرے میں 58 (2) B کو زندہ کرنے کی کوشش ناکام ہو گی۔یاد رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔حکم نامے کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے آرٹیکل 130 کلاز 7 کے تحت اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی اعتماد کے ووٹ سے متعلق کارروائی نہ ہونے پر میں مطمئن ہوں، وزیر اعلیٰ اسمبلی کا اعتماد کھوچکے،اسمبلی کا اعتماد کھونے کی وجہ سے پرویزالہٰی اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہے۔