راولپنڈی(نیوزڈیسک)راولپنڈی کے ایک اسٹور میں 8 برس کے دوران 8 ڈکیتیاں پڑنے کا انکشاف ہوا ہے، مالک نے ہر ڈکیتی پر پولیس سے رجوع کیا لیکن تاحال آج تک کوئی ملزم پکڑا نہ جاسکا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کی ناقص تفتیش کا تاریخی کیس سامنے آگیا، لین فائیو میں قائم ایک اسٹور پر 8 سال کے دوران ڈکیتی کی آٹھ وارداتیں ہوئی ہیں، تاجر نے ہر سال واردات پر پولیس سے رابطہ کیا لیکن پولیس کی غفلت یا ملی بھگت کے سبب ڈکیت آج تک آزاد گھوم رہے ہیں جب کہ آخری واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو دی گئی لیکن کوئی ملزم پکڑا نہ جاسکا۔اس حوالے سے تاجر نے بتایا کہ میرے اسٹور پر 2016ء سے ہر سال ڈکیتی کی واردات ہوتی ہے، ہرسال پولیس ایف آئی آر درج کرکے خاموش ہوجاتی ہے، پولیس 8 میں سے ایک ڈکیتی بھی ٹریس نہیں کرسکی جب کہ آخری ڈکیتی ابھی 5 روز قبل ہوئی ہے جو کہ میرے اسٹور پر آٹھویں ڈکیتی ہے۔تاجر نے بتایا کہ واردات کے دوران ریسکیو 15 پر کال کی، راولپنڈی پولیس کا ایک اہلکار 2 گھنٹے بعد موقع پر پہنچا، اس حالیہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو دی لیکن کچھ نہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ہر سال ہر ڈکیتی کی واردات پر آئی جی پنجاب سمیت تمام افسران کو درخواستیں دی لیکن کچھ نہ ہوا، میں راولپنڈی پولیس سے اس قدر مایوس ہوچکا ہوں کہ آئندہ ڈکیتی ہوئی تو پولیس کو رپورٹ ہی نہیں کروں گا۔
