اہم خبریں

سابق گورنر چودھری سرور مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے

لاہور (اے بی این نیوز   ) سابق گورنرپنجاب چودھری سرور نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔اس موقع پر چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کی دعوت دی، سب دوستوں سے مشاورت کی، سب نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ چلیں وہ وضع دار انسان ہیں ، چودھری شجاعت حسین نے ہمیشہ سیاستدانوں کو جوڑنے کا کام کیا۔سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ، اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین ، طارق بشیر چیمہ، چوہدری شافع حسین،طارق حسن اور مصطفیٰ ملک بھی سٹیج پر موجود تھے۔سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اقتدار کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے وہ جسے چاہیں منتخب کریں، میں نے جہاں سیاست کی وہاں پارٹی ممبران ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرتے ہیں، یورپ میں پارٹی چیئرمین کسی کو ٹکٹ نہیں دے سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کا ادارہ بنانے میں بھی میرا کردار تھا، ہماری حکومت آئی تو 5 برس میں ملک کا قرض اتار کر دکھاؤں گا، تعلیم صحت زراعت سمیت تمام شعبوں کو ترقی دیں گے، ملک میں انصاف لانے کے لیے پولیس اصلاحات کی ضرورت ہے، ہر ادارہ اپنی حدود میں رہ کر خود کو درست کرے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے خراب حالات کے باوجود سیاستدان اکٹھے بیٹھے کو تیار نہیں، ملک کو مسائل سے نکالنے اور خوشحالی کے لیے اکٹھے بیٹھنا ہو گا، میں ملک کی تمام قوتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیے مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کا آغاز کریںسربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چودھری سرور کی پارٹی میں شمولیت پر مشکور ہوں، ملک اس وقت بہت سے مسائل کا شکار ہے، چودھری سرور کی باتوں سے محسوس ہوا کوئی دل سے کہہ رہا ہے، چودھری سرور ایک ایماندار آدمی ہیں

متعلقہ خبریں