اسلام آباد(نیوزڈیسک)عالمی مالیتی ادارے آئی ایم ایف سے پاکستان کو قرضہ ملے گا یا نہیں ، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کل سے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آخری مرحلہ شروع کریں گے ۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے کئی ہفتوں سے کوشاں ہے لیکن وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو توقع ہے کہ آئندہ ہفتے میں بالآخر یہ معاہدہ حتمی طور پر طے پا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق حکومت اس مؤقف پر قائم ہے کہ معاہدہ بہت جلد طے ہونے کے نزدیک ہے، وزارت خزانہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کل (پیر) کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آخری مرحلہ شروع کریں گے۔رواں ہفتے کے شروع میں اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت چند روز میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط کرے گی، وزارت خزانہ کے عہدیدار نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بعض اقدامات کی تعمیل میں تاخیر کی وجہ سے رواں ہفتے کے آخر میں معاہدے پر دستخط نہیں کیے جاسکے۔پاکستان نے فروری کے اوائل میں آئی ایم ایف مشن کی میزبانی کی تھی تاکہ معاہدے کی ان شرائط پر بات چیت کی جا سکے جن میں سالانہ بجٹ سے قبل مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے لیے پالیسی اقدامات کو اپنانا شامل ہے، اس کے بعد سے اسحٰق ڈار مسلسل کہہ رہے ہیں کہ معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے، 2 روز قبل (جمعرات کو) انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط کرنے کے بہت نزدیک ہے۔
