اہم خبریں

گیس لوڈ شیدنگ سے متعلق صوبے کے عوام کی شکایات کے ازالے پر خصو صی توجہ مرکوز کی جائے ، امیر مقام

پشاور(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے جمعرات کو پشاور میں سوئی ناردرن گیس (ایس این جی پی ایل)، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور نادرا کے ریجنل ہیڈ آفسز کا دورہ کیا ، ایس این جی پی ایل ریجنل ہیڈ کوارٹرکے دو رے کے موقع پر انہوں نے حکام کو ہدایت کی خیبر پختونخوا میں ایس این جی پی ایل کی تمام منظور شدہ ترقیاتی سکیموں پر کام فوری شروع کیا جائے کیونکہ وفاقی کابینہ نے ان سکیموں پر کام آگے بڑھانے کی منظوری دیدی ہے اور اب ضروری ہے کہ جس قدر جلد ممکن ہو سکے ان کی تکمیل یقینی بنائی جائے، اس موقع پر انہیں ایس این جی پی ایل حکام نے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ پوزیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت کو گیس فراہمی سے متعلق عوامی مسائل کا ادراک ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ، انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ نئی گیس پائپ لائنز بچھانے ، پرانی لائنز کی تبدیلی اور دیگر متعلقہ معاملات کو ترجیحات کا حصہ بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ لوگیس پریشر اورگیس لوڈ شیدنگ سے متعلق صوبے کے عوام کی شکایات کے ازالے پر خصو صی توجہ مرکوز کی جائے ،وزیر اعظم کے مشیر نے یوٹیلیٹی سٹورز کے زونل آفس کے دورے کے موقع پر زونل آفس میں قائم یوٹیلیٹی سٹور کا بھی معائنہ کیا اور وہاں آٹے اور گھی کے حصول کیلئے منتظر خواتین و حضرات سے گفتگو بھی کی جنہوں نے آٹے اور گھی کی فراہمی میں تاخیر کی شکایات کی ،انجینئر امیر مقام نے اس امر پر برہمی کا اظہار کیا کہ لوگ صبح آٹھ بجے سے آٹے اور گھی کے حصول کیلئے سٹور کے باہر موجود ہیں لیکن انھیں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ان اجناس کی فراہمی کا سلسلہ شروع نہیں کیا گیا ،انھوں نے متعلقہ اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی روزانہ کی بنیاد پر مذ کورہ اجناس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سٹور پر آنے والے لوگوں کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے ،اس موقع پر انھوں نے صوبے میں یوٹیلیٹی سٹورز کے حوالے سے بریفنگ بھی لی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی صوبے بھر میں ضرورت کے مطابق نہ صرف سٹورز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے کام کیا جائے بلکہ موبائل یونٹس کو بھی زیادہ سے زیادہ فعال بنایا جائے تاکہ صوبے کے غریب عوام کو انکی دہلیز پر سستے آٹے اور دیگر اجناس کی فراہمی کا سلسلہ مزید بہتر ہو۔انجینئر امیر مقام نے نادرا ریجنل ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر خیبر پختونخوا میں نادراسنٹرزکی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ لی ، انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ نادراسہولیات کی فراہمی میں صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے اور عوامی شکایات کے ازالے پر خصوصی توجہ دیں۔

متعلقہ خبریں