اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے شی جن پنگ کو تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے عوام اور پارلیمنٹ کا اعتماد ان کی غیرمعمولی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے، صدر شی جن پنگ چین کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی علامت بن چکے ہیں۔ آج وزیراعظم شہبازشریف نے چینی صدر شی جن پنگ کو تہنیتی پیغام میں کہا کہ انہیں آئندہ پانچ سال کیلئے چین کا کا صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ، ان کی قیادت میں چین دنیا کی سرفہرست معاشی قوت بن چکا ہے اور یہ سفر مسلسل جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ صدرشی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین تعلیم، صحت، زراعت، ایجادات، ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ صدر شی جن پنگ کی پانچ سال کی مدت صدارت میں دونوں ممالک کی آزمودہ اور سدا بہار سٹریٹیجک کوآپریشن مزید مضبوط ہوگا ، ہم صدر شی جن پنگ، چین کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔واضح رہے کہ شی جِن پنگ آج تیسری بار 5 سالہ مدت کے لیے چین کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
