لاہور(نیوز ڈیسک ) پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں نجی گندم کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ ہو گیا،قیمت آسمان تک پہنچنے پر عوام شدید پریشانی کا شکار ہو گئے، قیمت 4100روپے فی من ہو نے سے نیا ملکی ریکارڈ قائم ہو گیا۔ فلورملز کو یومیہ18600ٹن کی بجائے21ہزار ٹن گندم فراہم کی جائے گی جس سے یومیہ سرکاری آٹا سپلائی میں96ہزار تھیلوں کا اضافہ ہوگا۔ مزید برآں پنجاب حکومت کو وفاق کی جانب سے فراہم کردہ امپورٹڈ گندم محکمہ خوراک کے گوداموں میں پہنچنا شروع ہو گئی۔محکمہ خوراک پنجاب نے سرکاری آٹا کی سپلائی کو طلب کے مطابق متوازن کرنے اور گندم کی قیمتوں کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلیے گزشتہ روز فلورملز کے یومیہ گندم کوٹہ میں2400ٹن اضافہ کردیا ہے۔اس صورتحال سے نپٹنے کیلیے گزشتہ روز سیکرٹری فوڈ نادر چٹھہ اور ڈائریکٹر فوڈ شوذب سعید نے فلورملز کا یومیہ سرکاری کوٹہ21ہزار ٹن کردیا ہے جس سے نجی گندم کی بڑھتی قیمتوں میں ٹھہراؤ آنے کی توقع کی جا رہی ہے جبکہ اس اضافی کوٹہ سے مارکیٹ میں20 کلو والے مزید96 ہزار آٹا تھیلوں کی سپلائی کا اضافہ ہوگا۔گزشتہ روز لاہور میں نجی گندم کی قیمت4ہزار روپے فی من جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں4100 روپے فی من تک تھی ۔یہ ملکی تاریخ میں نجی گندم کی قیمت کا نیا ریکارڈ ہے ،اس بڑے اضافہ کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں نجی گندم کے دستیاب ذخائر میں نمایاں کمی آئی ہے۔