اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) اسپیشل جج سینٹرل محمد اعظم خان کی عدالت نے متنازع ٹویٹ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔پراسیکیوٹر اور سرکاری وکیل نے دلائل میں درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کبھی انکاری نہیں ہوئے۔اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ اعظم سواتی ہی کا ہے۔ اعظم سواتی نے افواجِ پاکستان کے خلاف ایک بیانیہ بنانے کی کوشش کی ہے۔پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اورٹویٹر پر اکاؤنٹ ویری فکیشن کا طریقہ بتاتے ہوئے کہاکہ اعظم سواتی کے اکاؤنٹ پر بلو ٹِک ہے، انہیں مشہور شخصیات نے ٹویٹر پر فالو کیاہوا،جن میں سیاسی اور صحافتی شخصیات شامل ہیں۔وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے اعظم سواتی کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں عدالت نے اعظم سواتی کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم سناتے ہوئے کہاکہ اعظم سواتی نے ایک ہی جرم دو بار کیاہے۔