اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی سروس فراہم کرنے والی کمپنی زونگ نے ملک بھر میں آئی فون صارفین کے لیے 5G سروسز کی باضابطہ فراہمی کا اعلان کر دیا۔ کمپنی کے مطابق تازہ ترین iOS 26.5 اپ ڈیٹ کے بعد اب آئی فون صارفین زونگ کے نیٹ ورک پر جدید 5G کنیکٹیویٹی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
زونگ حکام کے مطابق اس پیشرفت کا مقصد پاکستان میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو فروغ دینا اور صارفین کو عالمی معیار کی موبائل سروسز فراہم کرنا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کی دستیابی سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ، بہتر ویڈیو اسٹریمنگ، بغیر رکاوٹ گیمنگ اور کم لیٹنسی جیسی سہولیات حاصل ہوں گی۔
کمپنی کے مطابق آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کو اپنے موبائل فون میں تازہ ترین iOS 26.5 اپ ڈیٹ انسٹال کرنا ہوگا، جس کے بعد اگر وہ زونگ کے فائیو جی کوریج ایریا میں موجود ہوں گے تو ان کے فون پر5G سروس فعال ہو جائے گی۔ اس حوالے سے صارفین کو کسی اضافی سیٹنگ یا پیچیدہ عمل کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں 5G ٹیکنالوجی کی جانب یہ ایک اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے کیونکہ دنیا بھر میں جدید ڈیجیٹل معیشت کا انحصار تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید موبائل نیٹ ورکس پر بڑھتا جا رہا ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ 5G صرف تیز انٹرنیٹ تک محدود نہیں بلکہ یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، اسمارٹ سٹیز، آن لائن ایجوکیشن، ٹیلی میڈیسن اور جدید صنعتی نظام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
زونگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ صارفین کو بین الاقوامی معیار کی ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے وقت میں مزید شہروں اور علاقوں میں فائیو جی سروسز کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔تہران میں4.6شدت کا زلزلہ،عمارتیں لرز اٹھیں، ادارے الرٹ















