اہم خبریں

پی ٹی آئی کیلئے مشکل دن،علیمہ خان کے پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی ( اے بی این نیوز      )راولپنڈی میں 26 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوئی جہاں ملزمہ علیمہ خان اور ان کے وکیل کی مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

عدالت نے حاضری نہ دینے پر ایک مرتبہ پھر علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ ساتھ ہی عدالت نے ان کے دو ضامنوں کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ وارنٹس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ جان بوجھ کر ٹرائل میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود ملزمہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں اور بار بار التوا کی درخواستوں کے ذریعے کارروائی میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ غیر ذمہ دارانہ رویے کے پیش نظر ملزمہ کی ضمانت منسوخ کی جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرائل اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور استغاثہ کے دو گواہان پر جرح باقی ہے، تاہم ملزمہ کی عدم حاضری کے باعث کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ جاری کردہ وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

مزید پڑھیں :آئی ایم ایف کا ممکنہ دبائو،منی بجٹ کا امکان؟مارچ کا مہینہ اہم،جا نئے کیا ہو نے جا رہا ہے

متعلقہ خبریں