اسلام آباد ( اے بی این نیوز )مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ناصر بٹ نے کہا ہے کہ اگر عدالت عمران خان کو علاج کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے یا بنی گالہ منتقل کرنے کا حکم دیتی ہے تو حکومت اس فیصلے پر عمل کرے گی اور کوئی اعتراض نہیں کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر بٹ نے واضح کیا کہ عمران خان کو جیل میں کسی سیاسی انتقام کے تحت نہیں رکھا گیا بلکہ عدالت نے سزا دے کر انہیں قید میں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹرز کی رپورٹ میں یہ ثابت ہو کہ عمران خان کا علاج ملک میں ممکن نہیں اور عدالت انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دیتی ہے تو حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔
ناصر بٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی مثال بھی دی اور دعویٰ کیا کہ جیل میں نواز شریف کو ایسی طبی سہولیات دی گئی تھیں جس سے ان کے پلیٹ لیٹس گر گئے اور خود پی ٹی آئی دور کے ڈاکٹروں نے ان کے بیرون ملک علاج کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو مشورہ دیا کہ عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں کیونکہ صرف عدالتیں ہی انہیں ریلیف دے سکتی ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس جیسے معاملات میں چوری تو ثابت ہے۔
مزید پڑھیں :بجلی بچت ،پنکھا تبدیلی سکیم،جا نئے پنکھے کی قیمت،پرانا کتنے میں لیا جا ئے گا، ہزاروں روپے کی بچت















