اسلام آباد(اے بی این نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مئی 2025 کے پاک بھارت تنازع میں پاکستانی فضائیہ کی مؤثر اور نمایاں کارکردگی کے بعد پاکستان کو دنیا کے مختلف ممالک سے دفاعی ساز و سامان کے آرڈرز موصول ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت میں بہتری کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مئی کے تنازع کے دوران پاکستانی طیاروں نے اپنی جدید صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کو ثابت کیا۔
ان کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے جہاز عملی طور پر آزمائے جا چکے ہیں اور اب اتنی بڑی تعداد میں آرڈرز آ رہے ہیں کہ اگر یہ معاہدے مکمل ہو گئے تو ممکن ہے آئندہ چھ ماہ میں پاکستان کو آئی ایم ایف کی مالی امداد کی ضرورت نہ رہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ آرڈرز عالمی سطح پر پاکستانی افواج کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہیں اور مئی میں حاصل ہونے والی کامیابی سے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر دفاع نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، جیسا کہ مئی میں دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان متحد ہو کر بنیانِ مرصوص کی طرح جواب دے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مئی کے تنازع کے بعد بھارتی قیادت کو اندرون و بیرونِ ملک شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں۔ریلوے کے تمام ملازمین کا ہسپتالوں میں فری علاج کیا جائے گا ؛حنیف عباسی















