اہم خبریں

الیکشن کمیشن کا بیرسٹر گوہر کو چیئرمین تسلیم کرنے سے انکار، پی ٹی آئی عملی طور پر معدوم

اسلام آباد(اے بی این نیوز ) الیکشن کمیشن کی طرف سے بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم کرنے سے انکار کے ساتھ ہی تحریک انصاف عملاً معدوم ہوگئی ہے۔

قبل ازیں رجسٹریشن سے محروم ہونے کے باعث پی ٹی آئی انتخابی عمل سے باہر ہو چکی تھی، حکومت پی ٹی آئی کے غیر رجسٹرڈ ہونے کی بنا پر اسے کالعدم قرادینے پر سنجیدگی سے غور نہیں کر رہی تھی جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کی حیثیت کو تسلیم نہ کرنا اس پر مکمل پابندی عائد کیے جانے میں رخنے کا باعث بن ر ہا تھا۔

حد درجہ قابل اعتماد سیاسی و پارلیمانی ذرائع نے بتایا ہے کہ آزاد حیثیت میں منتخب ارکان سینیٹ کی تحریک انصاف سے وابستگی کو دھتکار کر اب اسے پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں سب سے کم ترین گروپ کادرجہ دلا دیا ہے۔

اسی دوران اڈیالہ جیل کے گرد حفاظتی انتظامات غیر معمولی طور پر سخت کر دیے گئے ہیں، اس مقصد کے لیے پولیس اہلکاروں کی قابل لحاظ تعداد کو آج (پیر) سے ہی متعین کردیا گیا ہے جس میں ضرورت کی صورت میں اضافہ بھی کیا جاسکتاہے، متعلقہ حکام نے اپنے لائحہ عمل کے تحت ان اہلکاروں کی تعداد ظاہر کرنےسے گریز کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس کی مدد کے لیے رینجرز کے دستے بھی فوری طور پر اڈیالہ پہنچا دیے جائیں گے جنہیں الرٹ پررکھا گیا ہے۔

جیل کی حفاظت کے لیے تین پرت کی سکیورٹی کا نظام مستقل طور پر قائم کردیا گیا ہے جس سے کوئی غیر متعلقہ شخص اب پہلےناکے سے ہی گزرنے نہیں د یا جائے گا۔ یہاں سے صرف وہی افراد آگے جانے کے مجاز ہونگے جن کی فہرست جیل انتظامیہ نے فراہم کر رکھی ہوگی۔

جیل کے داخلی ذرائع نےنجی چینل کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی کو پہلے سے دستیاب سہولتیں بدستور برقرار رکھی جا رہی ہیں جبکہ اپنے معائنے کے لیے لاہور سے اپنے اسپتال سے ڈاکٹروں کی ٹیم بلوانے کے لیے ان کی درخواست کو تسلیم کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔

جیل انتظامیہ نے قیدیوں پر واضح کردیا ہے کہ اگر انہیں کسی علاج معالجے کی ضرورت ہو تو دن میں 3 مرتبہ جیل کے خصوصی ڈاکٹرز کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے بہترین ڈاکٹروں کو ان کے معائنے کے لیے بلایا جاسکتا ہے تاہم اس کے لیے جیل کے ڈاکٹر کی طبی سفارش کا ہونا پیشگی شرط ہوگا۔

مزید پڑھیں۔تربیتی مشق کے دوران بھارتی فوج کا ٹینک نہر میں ڈوب گیا، ایک فوجی ہلاک

متعلقہ خبریں