اہم خبریں

پنجاب ٹریفک ترمیمی آرڈیننس 2025 کے خلاف ٹرانسپورٹرز کا 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

راولپنڈی ( اے بی این نیوز   )پنجاب ٹریفک ترمیمی آرڈیننس 2025 کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق

نئے ٹریفک قوانین، بھاری جرمانوں اور اضافی پابندیوں نے پورے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس صورتِ حال میں ہزاروں ڈرائیوروں، کنڈکٹرز اور ورکشاپ ملازمین کے گھروں کے چولہے بجھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

عرفان نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے احتجاج اور ہڑتال کا فیصلہ مجبوری کے تحت کیا ہے۔ ان کے مطابق روزانہ کی آمدنی پہلے ہی کم تھی، اب بھاری جرمانوں اور نئی پابندیوں نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔ ایک عام ڈرائیور یا چھوٹے ٹرانسپورٹر کے لیے 20 سے 50 ہزار روپے تک کے جرمانے ناقابلِ برداشت ہیں۔

نئے آرڈیننس میں بعض قوانین ایسے ہیں جن پر عملدرآمد موجودہ انفراسٹرکچر کے تحت ممکن ہی نہیں۔ حکومت نے فیصلے کرتے وقت نہ ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کی اور نہ ہی ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی۔

عرفان نیازی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر آرڈیننس پر نظرثانی نہ کی تو ہڑتال مزید طویل ہو سکتی ہے اور اس کا نقصان پوری ملکی نقل و حمل اور کاروبار کو ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر نئے قوانین پر نظرثانی کرے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ریلیف فراہم کرے تاکہ ملازمین اور ڈرائیوروں کا روزگار محفوظ رہ سکے۔

مزید پڑھیں :گاڑی کی ٹکر کا کیس، دو بچیوں کی ہلاکت،جج کے بیٹے اور متاثرہ فیملی کے درمیان صلح،ملزم کی ضمانت منظور

متعلقہ خبریں