اسلام آباد( اے بی این نیوز ) اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ علاقائی رابطے خطے کی اقتصادی ترقی کو فروع دینے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے ترکمانستان کو فضائی، زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کی کوششوں میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نیتوانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترکمانستان کے سفیر Mr. Atadjan Movlamov سے آج بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اسپیکر نے پاکستان ترکمانستان تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے ترکمانستان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو فراہم کردہ بروقت امداد کے لئے ترکمانستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ پائیدار اور بامعنی روابط کو فروع دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وسطی ایشیاء پالیسی میں جن شعبوں کو اہمیت دی گئی ہے ان میں سیاسی، تجارتی،سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی، دفاع، اور عوامی سطح پر تبادلوں کا فروع شامل ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ترکمانستان کی پارلمینٹ مجلس ترکمانستان کی سابق چیئر پرسن مسز اکیجا نوربرڈیافا جنہوں نے 2016 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا کا ذکر کیا۔ انہوں نے ترکمانستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ پارلیمانی روابط کو مزید تقویت دینے کے لئے اقتصادی تعاون کی تنظیم (پی اے ای سی او) کے پارلیمانی اسمبلی کے چارٹر پر دستخط کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا اور ترکمنستان کو مشترکہ بندرگاہ سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ اسپیکر نے تپی گیس پائپ لائن پروجیکٹ اور ٹیپ پاور ٹرانسمیشن پروجیکٹس کی بروقت تکمیل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی تکنیکی وفد کے معنی خیز ملاقاتوں کا خیر مقدم کیا۔
ترکمانستان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے انہوں نے سیاسی، معاشی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ یہ اجلاس ایک خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں منعقد ہوا، اور دونوں فریقوں نے اپنے اپنے ممالک اور خطے کے باہمی مفاد کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔















