لاہور (اے بی این نیوز )لاہور میں ارفع کریم ٹاور کے سامنے ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب ایک شہری ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق شہری کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر دو ہزار روپے کا چالان کیا گیا تھا جس پر اس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کھمبے پر چڑھ کر مظاہرہ شروع کردیا۔
اطلاع ملتے ہی واپڈا نے فوری طور پر کھمبے کی بجلی منقطع کردی تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے، تاہم شہری نے نیچے اترنے سے انکار کردیا۔ اس دوران علاقے میں شدید رش لگ گیا اور لوگ بڑی تعداد میں جمع ہو گئے۔ ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا اور مسلسل کوشش کر رہا ہے کہ شہری کو بحفاظت نیچے اتارا جائے۔
ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جہاں صارفین اسے شہریوں کی بڑھتی ہوئی بے چینی اور نظام پر عدم اعتماد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں اس طرح کے مناظر نہ صرف عوامی توجہ کھینچ رہے ہیں بلکہ انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل،جا نئے کہاں ،کہاں باد و باراں اور سیلاب کا خطرہ ہے