اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ وہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور صدر عارف علوی سابق وزیر اعظم عمران خان کو صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کےحوالے سے فیصلے پر نظرثانی پر قائل کرنے کے لیے پس پردہ کوششیں کر رہے ہیں۔14 دسمبر کو وفاقی وزیر ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ سمیت وفاقی وزرا سے ملاقات کے بعد صدر عارف علوی نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے مشاورت کے لیے زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی تھی اور اس کے اگلے روز 15 دسمبر کو وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر پہنچے تھے۔اسمبلیاں تحلیل کرنے اقدام کو روکنے کیلئے 15 دسمبر کو حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے کیے گئے، دوسری جانب پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اپنے قانون سازوں کے استعفے قبول کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اسپیکر کو خط لکھا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے کہا کہ انہوں نے ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی بحران کے پیش نظر ملک کی معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔