اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں موسم سرما میں معمول سے کم بارشوں کی وجہ سے آبی ذخائر میں پانی کی ممکنہ قلت کو دور کرنے کے لیے قبل از وقت جامع منصوبہ بندی یقینی بنائیں ۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی ) کا اجلاس جمعہ کو یہاں چیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزارت فوڈ سیکیورٹی، وزارت ریلوے، محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن (FFC)، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے حکام نے شرکت کی۔ وفاقی محکموں نے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے ابتک کی پیش رفت سے فورم کو آگاہ کیا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کی توقع ہے جب کہ جنوری 2023 میں معمول کے مطابق بارشیں ہوسکتی ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم نے ہدایت کی کہ اس صورتحال کے پیش نظر آبی ذخائر میں پانی کی ممکنہ قلت کو دور کرنے کے لیے قبل از وقت جامع منصوبہ بندی یقینی بنائی جائے ۔فورم کو وزارت ریلوے اور این ایچ اے حکام کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں مواصلاتی نظام کی بحالی اور تعمیر نو سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ تعمیر نو کے منصوبوں میں قدرتی آفات کے نقصان کو برداشت کرنے کی صلاحیت اور پائیدار ڈھانچے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔