اہم خبریں

صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ،اہم پابندیاں لگ گئیں

حکومت پنجاب نے محرم الحرام سیکیورٹی کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں طے شدہ جلوس اور مجالس کے علاوہ کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی۔ جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے بین المذاہب، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات، تبصرے یا معلومات کی تشہیر پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہے۔ اسی طرح جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر پنجاب بھر میں محرم الحرام کے جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ان تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔ ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے تاہم بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران کو ڈبل سواری کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے یکم سے10 محرم الحرام تک صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ عوامی آگاہی کیلئے نوٹیفیکیشن کی بھرپور تشہیر کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں